بنگلورو۔24؍دسمبر(سیاست نیوز) سابق وزیراعظم اور جے ڈی ایس کے قومی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ ریاستی کانگریس کا کوئی رکن اسمبلی استعفیٰ نہیں دے گا، کمار سوامی کی قیادت والی جے ڈی ایس کانگریس مخلوط حکومت پوری طرح مستحکم ہے، آنے والے لوک سبھا انتخابات میں دونوں سیاسی جماعتیں متحد ہوکر کرناٹک سے بی جے پی کا صفایاکرنے کے لئے منظم ہوچکی ہیں، اسی وجہ سے بی جے پی خوفزدہ ہوکر اس حکومت کو گرانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔
آج شہر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کسی طرح کا اختلاف ہے اور نہ ہی مخلوط حکومت کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ اراکین اسمبلی کے استعفوں کے خبروں کو قیاسی قرار دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے جے ڈی ایس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مرکز میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے سیکولر سیاسی جماعتوں کا جو وفاق قومی سطح پر تیار ہوا ہے اس کی وجہ سے بی جے پی کو خوف لاحق ہوگیا ہے کہ شاید وہ 2019 میں اقتدار سے بے دخل ہوجائے ، اسی لئے کرناٹک میں اپنے سیاسی وجود کو بچانے کے لئے مخلوط حکومت کو نقصان پہنچانے کے نئے نئے حربے آزمارہی ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں جے ڈی ایس پارلیمان میں اپنی نمائندگی بڑھانے کی کوشش کرے گی ، اس کے ساتھ ہی قومی سطح پر تمام ہم خیال سیاسی جماعتوں کے وفاق کو مضبوط کرنے اور اس وفاق پر مشتمل متبادل حکومت قائم کرنے کی کوشش کرے گی۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے لئے وہ ابھی سے پارٹی کو منظم کرنے کی تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ان انتخابات کے لئے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کو قطعیت دی جائے گی اور باضابطہ پارٹی امیدواروں کو مہم کے لئے قبل از وقت میدان میں اتار دیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد جے ڈی ایس قومی سیاست میں اپنے وجود کو اور مستحکم کرنے میں کامیا ب ہوگی۔